Pakistan ki noujawan nasal ke naam article by Ramsha Ghazal

articles

پاکستان کی نوجوان نسل کے نام

نوجوان،یہ لفظ ہی اپنے آپ میں ایک جذبہ،شعور اور طاقت کا اشارہ رکھتا ہے۔نوجوان انسان باقی لوگوں سے تھوڑا مختلف ہوتا ہے اس میں وہ صلاحیت ہوتی ہے جو اس کے اردگرد کے باقی لوگوں میں نہیں ہوتی۔یہ نوجوان اپنی صلاحیت کے دم پر کچھ بھی کرسکتا ہے کسی کو بھی مات دے سکتا ہے اور وہ صلاحیت ہے گرم جوشی۔جب عقل،طاقتور جسم،جذبہ جنون اور اعتماد سب کچھ مل جاتے ہیں تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے اور قدرتی طور پر ایک نوجوان کے اندر یہ سب کچھ موجود ہوتا ہے۔پاکستان ہو یا کوٸ بھی دنیا کا طاقتور ملک ان کی ترقی کا انحصار ان کی نوجوان نسل پر ہوتا ہے۔کیونکہ ان میں وہ طاقت ہوتی ہے جو کسی بھی ہتھیار میں نہیں۔ہمارے ملک کی تریسٹھ فیصد آبادی نوجوان نسل پر مشتمل ہے اور اسی بنیاد پر پاکستان کو دنیا میں پانچویں نمبر پر زیادہ نوجوان نسل والی آبادی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ہاں جی!ہے نہ یہ ایک حیرت انگیز بات؟کیونکہ اگر ایک نوجوان اتنی صلاحیتوں کا مالک ہوسکتا ہے تو تریسٹھ فیصد لوگ جب اکٹھے ہوں تو کیا کچھ نہیں ہوسکتا۔لیکن افسوس تو یہ ہے کہ پاکستان کی یہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے سے عاری ہے۔اسی لیے تو ملک دیوالیہ ہونے کہ در پہ ہے،جنگ کی صورتحال ہے، کھانے کو روٹی نہیں مگر انھیں کیا فکر!ٹک ٹاک پر لاٸکس آجاٸیں،پب جی کی گیم جیت جاٸیں،آتے جاتے دوسروں کی بہن بیٹیوں کو چھیڑ لیں اور کیا چاھیۓ۔کسی ایک یونیورسٹی کا مشاہدہ کرلیں ہر کونے میں گپیں مارتے،کیمرہ کھولے وڈیوذ بناتے،چاروں جانب چہل قدمی کرتے اور موباٸل میں سر گھساۓ آپ کو سینکڑوں نوجوان مل جاٸیں گے مگر بمشکل ہی کوٸ لاٸبریری یا کلاس میں بیٹھا ہوا ملے گا۔جب یہ حال ہے تو کون بنے گا پاکستان کا وارث؟جس کو دیکھو نۓ قاٸداعظم کے آسمان سے اترنے کا انتظار ہورہا ہے کہ وہ آۓ اور حالات ٹھیک کرے۔کیوں؟کیا ہم اس قابل نہیں؟ارے!یہ جو تریسٹھ فیصد نوجوان ہیں ان میں ہر ایک قاٸداعظم ہے۔خود کو دیکھو تو سہی،خود کو سمجھو تو سہی،اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ تو کرو۔وہ جذبہ و جنون،ہمت،مستقل مزاجی اور تڑپ جو قاٸداعظم میں تھی وہ خود میں پیدا تو کرکے دیکھو!ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ کوٸ متحد نہیں ہوتا۔تو کیوں نہ آج متحد ہوجاٶ،آواز اٹھاٶ،اپنا آپ منواٶ،سہی معنوں میں علامہ اقبال کے شاہین بن کر دکھاٶ یہ گزارش ہے میری اور ان تمام پاکستانیوں کی جو دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں جن کے گھر آٹا نہیں ،دال نہیں،پینےکو پانی نہیں۔خدارا!اپنی نوجوان ہونے کی اہمیت کو سمجھیں اور اپنے اپنے طور پر کوشش شروع کریں کیونکہ قطرہ قطرہ مل کر دریا بنتا ہے اور مسلسل کوششوں سے یہ دریا سیلاب بنے گا تو ہر ناکامی اور تنزلی کو ہمارے ملک سے بہا کر لے جاۓ گا اور ان شاء اللہ بہت جلد ہمارا ملک دوبارہ پوری دنیا میں کامیاب ترین ملک کہلاۓ گا اور یہ صرف آپ کی بدولت ہوسکتا ہے نوجوانو!صرف آپ کی بدولت۔

رمشاغزل

.

*************

Leave a Comment

Exit mobile version